Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطیف میں ڈرون سے دہشتگرد حملے کے کوشاں سعودی دہشتگرد کو 10برس قید

قطیف- - - - -  - فوجداری کی خصوصی عدالت نے قطیف میں ڈرون سے دہشت گرد حملے کے کوشاں سعودی دہشت گرد کو 10برس قید کی سزا سنا دی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے قطیف کمشنری میں محکمہ ٹریفک اور کمشنر ہاؤس کے درمیان واقع کار پارکنگ پر ڈرون سے حملے کی سازش ناکام بنا دی تھی۔ حملے کا ہدف وہ مقام تھا جہاں سرکاری عمارتیں کثیر تعداد میں موجود ہیں اور دہشت گرد زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنیوالا تھا۔ اس نے ڈرون پر دھماکہ خیز مواد بھاری مقدار میں رکھ دیا تھا اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اسے کار پارکنگ پر گرا کر دھماکہ کرنے والا تھا۔عدالت کے فیصلے میں واضح کیا گیا کہ مقامی شہری نے امن و امان متزلزل کرنے کی باقاعدہ کوشش کی تھی وہ شور و شغب برپا کرنے والے جلوسوں میں شرکت کرتا رہا تھا۔ وہ فرقہ وارانہ فتنے برپا کرنے اور حکومت مخالف نعرے بازی میں بھی حصہ لیتا رہا تھا۔ اس نے انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت کے خلاف اشتعال انگیزی کی بھی کوششیں کی تھیں۔ اس پر ایک الزام یہ تھا کہ وہ جزیرہ تاروت میں اسلحہ کے کاروبار میں بھی ملوث تھا۔ عدالت نے اسے 10برس قید کی سزا سنائی۔عملدرآمد کا اعتبار گرفتاری کی تاریخ سے ہوگا۔ عدالت نے انٹرنیٹ پر اس کی ویب سائٹ بند کرنے اور سوشل میڈیا پر 3برس تک نہ لکھنے کی پابندی بھی عائد کر دی۔ 10برس تک مملکت سے باہر جانے سے بھی روک دیا گیا۔ اس پابندی کا آغاز جیل سے نکلنے کی تاریخ سے ہو گا۔ اس کے قبضے سے ڈرون ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔

شیئر: