لندن - - - - - - تاریخ میں پہلی بار بٹ کوائن ڈیجیٹل کرنسی کے ایک یونٹ یا یوں کہہ لیں کہ ایک روپے کی قیمت ڈھائی لاکھ پاکستانی روپے سے زائد (2 لاکھ 58 ہزار 152 روپے) یا چھ تولے سونے کے قریب ہوگئی ہے۔جی ہاں ایک بٹ کوائن 25 سو ڈالرز کے قریب پہنچ گیا ہے جبکہ سونے کی قیمت 1248.66 ڈالرز فی اونس ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بٹ کوائن کی قیمت گزشتہ سال مئی میں صرف 443 ڈالرز تھی اور ایک سال میں اتنا اضافہ حیران کن ہے۔یہ بٹ کوائن کے لیے ایک سنگ میل ہے کیونکہ اسے ڈیجیٹل گولڈ بھی قرار دیا جاتا ہے۔کسی حقیقی کرنسی کے مقابلے میں بٹ کوائنز ہر طرح کے ضابطوں یا حکومتی کنٹرول سے آزاد ہے اور اس کا استعمال بہت آسان ہے۔اس وقت اسے متعدد ممالک جیسے کینیڈا، چین اور امریکا وغیرہ میں استعمال کیا جارہا ہے تاہم دنیا میں انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والا ہر شخص اس کرنسی کو خرید سکتا ہے۔اس کرنسی کی لین دین کے لیے صارف کا لازمی طور پر بٹ کوائن والٹ اکائونٹ ہونا چاہئے جسے بٹ کوائن والٹ اپلیکشن ڈائون لوڈ کرکے بنایا جاسکتا ہے۔ والٹ اکائونٹس کو پے پال، کریڈٹ کارڈز یا بینک اکاؤنٹس وغیرہ کے ذریعے بٹ کوائنز خریدنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ سمیت انٹرنیٹ پر کام کرنے والی سینکڑوں کمپنیاں بٹ کوائنز کو قبول کرتی ہیں، جن میں سوشل گیمنگ سائٹس جیسے زینگا، بلاگ ہوسٹنگ ویب سائٹس جیسے ورڈ پریس اور آن لائن اسٹورز جیسے ریڈیٹ اور اوور اسٹاک ڈاٹ کام وغیرہ قابل ذکر ہیں۔