روسی صدر کے آٹھ گول
روسی صدر ولادی میر پوتن صرف سیاست کے پینترے ہی نہیں جانتے بلکہ کھیلوں میں بھی خوب مہارت رکھتے ہیں۔ 66 سالہ روسی صدر ولادی میر پوتن سیاست دان کے علاوہ نہایت جوشیلے کھلاڑی بھی ہیں۔ ریاستی ذمہ داریوں اور مصروفیات کے باوجود وہ کھیلوں کے لیے بھی وقت نکال ہی لیتے ہیں۔ کبھی جوڈو کراٹے، تو کبھی ٹھنڈے پانی میں غوطے لگاتے نظر آتے ہیں۔
اس بار روسی صدر نےسوچی میں منعقد ہونے والے نمائشی آئس ہاکی کے میچ میں ایسا کھیل پیش کیا کہ شائقین داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔
روایتی سوٹ بوٹ کی جگہ آئس ہاکی کٹ پہنے روسی صدر ولادی میر پوتن جمعہ کو سوچی میں آئس ہاکی میچ کے لیے میدان میں اترے تو مخالف ٹیم کے خلاف 8 گول کر ڈالے اور اپنی ٹیم کو 7 کے مقابلے میں 14 گول سے میچ جتوا دیا۔
جوڈو میں بلیک بیلٹ حاصل کرنے والے ولادی میر پوتن اپنی ایتھلیٹک صلاحیتوں کا گاہے گاہے اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔
سوچی میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں پوتن کو گول سکور کرنے کے بھرپور مواقع ملے اور مخالف ٹیم کی جانب سے بھی انہیں کم ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
نائٹ ہاکی لیگ کے اس نمائشی میچ میں اپنے صدر کو شاندار انداز میں کھیلتا دیکھ کر روسی شائقین خوب لطف اندوز ہوئے۔