نئی دہلی۔۔۔۔شمالی ہند کے شہر سہارنپور میں ایک 53سالہ فوٹوگرافر ویویک بنر جی نے کنگ فشر کی خوبصور ت تصاویراتار کرسوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ ایک کنگ فشر نے مچھلیاں کھانے کی عادت چھوڑ کر اب جھاڑیوں سے چوہے پکڑنا شروع کردیئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ لمبی چونچ والے اس کنگ فشر نے اپنی خوراک دریاؤں میں تلاش کرنے کے بجائے زمین پر تلاش کرنا شروع کردی۔ اس نے ایک چوہے کے بچے کو جھاڑی سے نکلتے ہی منہ میں دبا لیا۔ پہلے تو اسے فضا میں اچھالا اور پھر چونچ میں پکڑلیا۔فوٹو گرافر کا کہنا تھا کہ میں گھر سے باہر نکلا تو دیکھا ایک کنگ فشر قریب ہی واقع جھاڑیوں پرنظریں گاڑے ہوئے ہے۔ اچانک وہ جھاڑیوں میں گھسا اور چونچ میں چوہا پکڑ لایا۔میں فوراً ہی قریب واقع گھر بھاگا اور کیمرہ لاکر اس کی تصاویر اتارنا شروع کردیں۔ میں اکثر کنگ فشر کو مقامی ریلوے اسٹیشن پر پٹریوں کے درمیان بنے واٹرہائڈرینٹ کی چھت پر دیکھا کرتا تھا اور مجھے شک تھا کہ یہ چوہے کھاتے ہیں جو وہاں بکثرت وہاں پائے جاتے ہیں لیکن اس واقعہ نے میرے شک کو یقین میں بدل دیا۔