اوول ٹیسٹ: جنوبی افریقہ مشکل میں،انگلینڈ کے353کے جواب میں 126/8رنز
اوول: انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم کر لی ۔انگلینڈ کے 353رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کے 8کھلاڑی 126رنز پر واپس پویلین جا چکے ہیں۔جنوبی افریقہ کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 28 رنز درکار ہیں۔پہلا میچ کھیلنے والے رولینڈ جونز کی تباہ کن بولنگ اور بین اسٹوکس کی سنچری نے انگلینڈ اننگز میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسرے دن انگلینڈ نے 171 رنز4 کھلاڑیوں کے نقصان پر نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے بین اسٹوکس اور ایلسٹر کک وکٹ پر موجود تھے۔ شروع میں ہی انگلینڈ کو اس وقت کامیابی ملی جب 183 پر سابق کپتان کک 88 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اس کے بعد بیئراسٹو آل راونڈر بین اسٹوکس کا ساتھ نبھانے وکٹ پر آئے اور چھٹی وکٹ کیلئے مجموعی75 رنز کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی، بیئراسٹو 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔معین علی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ رولینڈ جونز نے ڈیبیو اننگز میں 25 رنز بنائے۔بین اسٹوکس نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 112 رنز بناکر آوٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جس کے ساتھ ہی انگلش اننگز 353 رنز پر تمام ہوئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنے مورکل اور کگیسو ربادا نے 3، 3 جبکہ ورنن فلینڈر نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور تباہی کے ذمے دار پہلا میچ کھیلے والے رولینڈ جونز تھے۔جنوبی افریقی اوپنرز نے انگلش بولرز کے ابتدائی اوورز بغیر کسی نقصان کے گزار ے جس کے بعد جو روٹ نے رولینڈ کو بولنگ دی انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے دوسرے ہی اوور میں ڈین ایلگر کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، بلے باز نے ریویو کا استعمال کیا جو ناکافی ثابت ہوا۔نووارد بولرز نے اسی پر بس نہ کیا بلکہ ہینو کہون، ہاشم آملا اور پھر کوئنٹن ڈی کوک کو یکے بعد دیگرے پویلین رخصت کر کے جنوبی افریقی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔دوسرے اینڈ سے روٹ اپنے سب سے تجربہ کار بولر اور انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن کو بولنگ کیلئے لائے جنہوں نے فاف ڈیو پلیسی اور کرس مورس کو واپس پویلیں بھیج کر چھٹی کامیابی حاصل کی۔جب بین اسٹوکس نے کیشپ مہاراج کوآوٹ کیا تو مہمان ٹیم 61 رنز پر 7 وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔اس موقع پر ٹیمبا باووما کا ساتھ نبھانے کگیسو ربادا آئے اور دونوں نے 53 رنز کی شراکت سے ٹیم کے 100رنز مکمل کئے دن کے ربادا 30 رنز بنا کرآوٹ ہوئے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پرجنوبی افریقہ نے 8وکٹ کے نقصان پر 126 رنز بنائے تھے ۔