ابوظبی-------- متحدہ عرب امارات میں خفیہ دہشت گرد تنظیم کے حوالے سے تازہ ترین دستاویزی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ قطری حکام خلیجی ممالک میں بغاوت کرا رہے تھے۔ ٹی وی چینلز نے اس کی تفصیلات جاری کر دیں۔ قطر کے محمود الجیدہ نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ قطری حکام امارات میں خفیہ دہشت گرد تنظیم کی مالی اعانت کر رہے تھے۔ محمود الجیدہ کو اماراتی عدالت 7برس قید اور بیدخلی کی سزا سنا چکی ہے۔ مذکورہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ 2عشروں کے دوران قطری حکام دہشت گرد تنظیموں کے واحد سرپرست بنے رہے۔ الاخوان کے ایک باغی نے بتایا کہ قطرکے سابق امیر نے خفیہ دہشت گرد تنظیم کے رہنماؤں کو اپنی اولاد خصوصاً موجودہ امیر قطر کو اخوانی فکر کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری تفویض کی تھی۔ ان میں ڈاکٹر یوسف القرضاوی کا نام سرفہرست ہے۔ الجیدہ نے بتایا کہ قطری حکومت نے امارات سے مفرور دہشت گرد تنظیم کے عناصر کو مالی اور اخلاقی تعاون دیا۔ انہوں نے قطر میں دہشت گرد تنظیموں کے بنیاد ڈھانچے کی تفصیلات بھی پیش کیں۔