بخارسٹ ۔ ۔۔۔۔۔ رومانیہ کا کہنا ہے کہ روسی نائب وزیراعظم دیمیتری روگوزِن کے ماسکو سے مالدووا جانے والے طیارے کو رومانیہ کی فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا۔ ڈوئچے ویلے کے مطابق رومانیہ کی حکومت یہ اقدام روسی نائب وزیراعظم کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کے تناظر میں اٹھایا گیا۔ رومانیہ کی وزارت خارجہ کے مطابق روسی نائب وزیراعظم کے طیارے کو ملکی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رومانیہ کی جانب سے فضائی حدود کے استعمال پر پابندی پر یہ طیارہ بیلاروس کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں اس نے منسک کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا۔ روگوزِن ان درجنوں روسی افراد میں شامل ہیں جن پر یورپی یونین نے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔