Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: مینگو فیسٹول 2017کی کامیابی پر میڈیا نمائندگان کے اعزاز میں تقریب

آم کی3ٹن کھیپ صرف 2گھنٹے میں فروخت ہو گئی ، خریداروں کی تعداد دن بدن بڑھتی جار ہی ہے، حافظ شبیر
 
کویت(محمد عرفان شفیق) کویت کی تاریخ کا کامیاب ترین مینگو فیسٹول 2017اختتام پذیر ہوا۔ فیسٹول کو کامیاب بنانے میں جہاں پاکستان بزنس سینٹرکویت اور پاکستان بزنس کونسل کویت کے نمائندگان نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ،وہیں میڈیا کی ٹیم نے بھی اسے کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ڈالا۔
پاکستان بزنس سینٹرکویت کے منیجنگ ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر اور پاکستان بزنس کونسل کویت کے صدر عارف بٹ نے میڈیا کے نمائندگان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میںایک تقریب کا انعقاد کیا۔ کویت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیا کے نمائندگان کی بھرپور پذیرائی کی گئی جس میں صرف میڈیا نمائندگان کو مدعو کیا گیا تھا۔ نظامت کے فرائض پاکستان بزنس سینٹرکے پبلک ریلیشن منیجر محمد نعیم جان نے نبھائے۔ تقریب کا آغاز تلاوت ِ قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت پاکستان بزنس سینٹرکویت کے منیجنگ ڈائریکٹرحافظ محمد شبیر نے حاصل کی۔ استقبالیہ میں حافظ شبیر نے مینگو فیسٹول میں آنے والے تمام خواتین و حضرات، میڈیا نمائندگان، سفارتخانہ پاکستان، جمعیہ الزہراءکی انتظامیہ اور آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے بڑے پیمانے پر مینگو فیسٹیول کا انعقادہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر اور کیا بات ہو سکتی ہے کہ پاکستانی آم کی تقریباً3ٹن کھیپ صرف 2گھنٹے کے قلیل عرصے میں فروخت ہو گئی جبکہ اس کے خریداروں کی تعداد دن بدن بڑھتی جار ہی ہے۔ اس کامیابی کا سہرا پاکستانی کمیونٹی کو جاتا ہے۔ ہر پاکستانی کو چاہئے کہ وہ پاکستانی پراڈیکٹ کی تشہیر میں اپنا کردار ادا کرے اور یہاں بسنے والے دیگر ممالک کے لوگوں تک ”میڈ ان پاکستان“کا پیغا م پہنچائے۔
پاکستان بزنس کونسل کویت کے صدر عارف بٹ نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستانی پراڈیکٹس اب ہر ہائپر اسٹورز میں دستیاب ہیں۔ ہماری حتی الوسع یہی کوشش رہتی ہے کہ معیاری اور اعلیٰ کوالٹی کی پراڈیکٹس بازار میں دستیاب ہوں۔ انہوں نے جمعیہ الزھراءکے اشفاق کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے آم کی ترسیل میں ایک لمحے کی رکاوٹ نہیں آئی۔
پاکستان بزنس سینٹرکویت اور پاکستان بزنس کونسل کویت قرشی اور میچلز کی پراڈیکٹ بھی سپلائی کر رہا ہے۔ انہوں نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اسکے بعد میڈیا نمائندگان میں تعریفی اسناد، شیلڈزاور آموں کا تحفہ پیش کیا گیا۔یوں یہ تقریب پر تکلف عشائیے پر اختتام پذیر ہوئی۔
 
 

شیئر: