پٹنہ ۔۔۔ایسا لگتا ہے کہ راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو اور ان کے خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ نتیش کمار کی قیادت میں حکومت قائم ہونے کے بعد اب لالو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کی طرف سے پٹنہ کے چڑیا گھر کیلئے مٹی کی خریداری کے اسکینڈ ل میں نئے سرے سے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ بہار سوشیل کمار مودی نے الزام لگایا کہ ایک سٹی مول کی بیسمنٹ کی تعمیر کیلئے جو مٹی استعمال کی ہے وہ حقیقت میں پٹنہ کے چڑیاگھر کیلئے خریدی گئی تھی۔ اس کی قیمت 90لاکھ روپے تھی۔ اس کی خریداری کسی ٹینڈر کے بغیر کی گئی۔ اس وقت تیج پرتاپ وزیر ماحولیا ت وجنگلات تھے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جس زمین پر یہ شاپنگ مال بنایا جارہا ہے وہ ایک کمپنی کا ہے جس میں لالو کے بیٹے تیجسوی اور تیج پرتاپ بورڈ آف ڈائریکٹر زمیں تھے۔