پورٹس مائوتھ.... پرانی کہاوت ہے کہ عقل و شعور کا سن و سال سے کوئی خاص تعلق نہیں ہوتا ۔ کوئی بچے جلد بڑے ہو جاتے ہیں اور کچھ معمر افراد زندگی بھر بچے ہی بنے رہتے ہیں یا بچکانہ اور غیر ذمہ دارانہ حرکتیں کرتے رہتے ہیں ۔ ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والے 40سالہ رکی فٹ گراڈز نے کر دکھایا ہے جس نے ایک ریموٹ کنٹرول کار کو30میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا کر ایک لڑکی سے ٹکرا دی جس کی نتیجے میں لڑکی کی ٹانگ ٹوٹ گئی ۔ اس واقعہ کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اس کی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے جس لڑکی کی ٹانگ ٹوٹی اس کی شادی 3ہفتے بعد ہونیوالی تھی ۔ معاملہ عدالت تک پہنچا تو معلوم ہوا کہ لڑکی پارک میں ایکسرسائز کر رہی تھی کہ اچانک ایک ریموٹ کنٹرول کار بہت زور سے اس سے ٹکرائی جس سے وہ زمین پر گر پڑی ۔ بعد میں پتہ چلا کہ اس کی کئی ہڈیا ں ٹوٹ چکی ہیں ۔ ملزم نے عدالت کو بتایا کہ وہ لڑکی سے رسم و راہ بڑھانا چاہتا تھا اسی لئے اس نے یہ حرکت کی تھی ۔ لڑکی اب بھی اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہے مگر اسے یہ سارا کام بیساکھیوں کے سہارے کرنا پڑ رہا ہے ۔