مکہ مکرمہ..... روڈ سیکیورٹی فورس نے اجازت نامے کے بغیر مقامات حج پر عائد پابندی کا نفاذ 11ذی قعدہ 143.8ھ مطابق 3اگست بروز جمعرات سے شروع کردیا۔ سعودی قوانین کے بموجب کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کو حج تک بغیر اجازت نامے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی حکومت نے تاکید کی ہے کہ جو سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی امسال فریضہ حج ادا کرنے کے خواہشمند ہوں وہ معروف طریقے کے مطابق اجازت نامہ حاصل کرلیں،اسکے بغیر کسی کو بھی حج مقامات پر جانے سے روکا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ روڈ سیکیورٹی اسپیشل فورس نے مکہ مکرمہ میں داخلے کے تمام راستوں پر اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔ انہیں تکنیکی عملہ اور سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔ سعودی حکومت نے تمام ڈرائیوروںکو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سواری کو اپنے ہمراہ نہ لیجائیں جس کے پاس حج اجازت نامہ نہ ہو۔ سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں مختلف منصوبے نافذ کرنےوالے ٹھیکیداروں سے کہا ہے کہ وہ ایسے غیر ملکی کارکنان کیلئے حج ایام میں مکہ جانے کے اجازت نامے جاری کرالیں جن کے اقامے مکہ مکرمہ کے نہ ہوں۔ روڈ سیکیورٹی اسپیشل فورس نے تاکید کی ہے کہ سب لوگ زمان و مکان کے تقدس کا احترام کریں۔ بغیراجازت نامے مکہ مکرمہ جانے کی کوشش نہ کریں۔ جو بھی کوشش کریگا اسے روکا جائیگا اور اسے مقررہ سزاﺅںکا سامنا کرنا پڑیگا۔