Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر کو حج پر سیاست کی اجازت نہیں دینگے، عرب وزرا

جدہ .... انسداد دہشتگردی کے علمبردار عرب ممالک ، مصر ، سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے اطلاعات نے حج کو سیاست زدہ کرنے کی قطری کوششوں کو مسترد کردیا۔سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے جمعرات کو جدہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج کو سیاست زدہ کرنے کی کوشش سیاسی انحطاط ہے۔ قطری عازمین کو سر آنکھوں پر بٹھایا جائیگا۔ حج آسمانی فریضہ ہے۔ سعودی عرب اپنے قیام کے روز اول سے اسے کامیاب بنانے کیلئے مقدور بھر کوششیں کرتا ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ سعودی عرب مشرق و مغرب اور شمال و جنوب سے آنے والے ضیوف الرحمن کی خدمت کامیابی سے انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ماضی میں حج کو سیاسی شکل دینے کی کوششوں میں بری طرح سے ناکام ہوچکا ہے۔ عرب وزراءنے اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ سعودی عرب ، مصر ، امارات اور بحرین کے وزرائے اطلاعات نے طے کیا ہے کہ وہ قطری حکومت کی جانب سے نفرت پھیلانے والے مشن کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ اجلاس میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے انسداد کے لئے جاری مشترکہ جدوجہد کو مضبوط بنانے کی کئی تجاویز زیر بحث آئیں۔طے کیا گیا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے طویل المیعاد ابلاغی حکمت عملی تیار کی جائے۔ اسکے لئے عرب وزرائے اطلاعات اجلاس کریں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اگر قطر نے نفرت انگیز پیغام کا سلسلہ جاری رکھا تو اس سے عربوں کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ یہ مشن زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں۔ عرب ممالک اس سے مختلف پیغام دینگے۔ عرب وزراءنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سعود ی عرب نے حجاج کی خدمت ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کی۔ حج و عمرہ کے مناسک کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرنے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیا۔ مصری وزیر خارجہ سامی شکری نے کہاکہ محسوس کیا گیا کہ قطر نے بحران کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

شیئر: