Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین فٹبالرز کے کارناموں کی یہاں کوئی قدر نہیں، راحیلہ زرمین

  کراچی :پاکستان کی قومی ویمنز فٹبال ٹیم کی سابق کھلاڑی راحیلہ زرمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارکردگی دکھائی لیکن حکومت کی جانب سے نہ تو ان کی کارکردگی کا اعتراف کیا گیا اور نہ ہی مدد فراہم کی گئی۔ انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ ان کی مرحوم بہن شاہ لائلہ بلوچ بین الاقوامی فٹبال لیگ میں ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی پاکستانی فٹبالر ہیں اور فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے بھی انہیں کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز دیا تھا لیکن صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے ان کی کامیابیوں کا اعتراف نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ راحیلہ زرمین کے الیکٹرک کی فٹبال ٹیم کی کوچ بھی ہیں، اس طرح انہیں جنوبی ایشیا میں مردوں کی ٹیم کی پہلی خاتون کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ راحیلہ زرمین کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کی بہن کو ان کی والدہ سینیٹر روبینہ عرفان کی وجہ سے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ روبینہ عرفان، پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے 2012 ءمیں سینیٹر منتخب ہوئیں، وہ بلوچستان ویمن فٹبال ٹیم کی صدر تھیں۔راحیلہ زرمین کا کہنا تھا کہ ہمارا نام، ہماری والدہ کی وجہ سے نہیں بلکہ فٹبال کے میدان میں ہماری محنت اور لگن کی وجہ سے پاکستان اور دنیا بھر میں مشہور ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2012ءمیں انہوں نے نیشنل گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ 2013ءمیں چاندی کا تمغہ اور 2014ءمیں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

شیئر: