نئی دہلی۔۔۔۔۔دہلی ہائی کورٹ نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر 20ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔یہ جرمانہ کتاب کی اشاعت میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی بابت لگایا گیا ۔ کورٹ نے نتیش کمار پر جرمانہ لگانے کے ساتھ ساتھ اس درخواست کو بھی مسترد کردیا جس میں انہوں نے اپنا نام فریقین سے ہٹانے کی استدعا کی تھی ۔ نتیش کمار پر جس معاملے میں جرمانہ عائد کیا گیا،اس کا مقصدجے این یو کے سابق محقق اور سیاستداں نے درج کرایا تھا۔ درخواست گزار نے تحقیق کی چوری کرکے کتاب شائع کرانے کا الزام لگایا تھا ۔ سیاستداں انل کمار سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ پٹنہ میں واقع ایشین ڈیولپمنٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے اپنے رکن سیکریٹری شیبال گپتا کے ذریعے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی منظوری سے شائع کتاب’’ اسپیشل کٹیگری اسٹیٹس اے کیس فار بہار ‘‘ ان کے تحقیقی کام کا چرایا ہوا ورژن ہے۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دہلی ہائیکورٹ کوبتایا تھا کہ اس سلسلے میںان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنتا اور انہیں ناحق اس مسئلے میں فریق بنایا گیا ہے لیکن ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ کی دلیلوں کو مسترد کردیا۔