جدہ ( اسٹاف رپورٹر) ریاض پولیس نے جعلی کرنسی اور دستاویزات تیار کرنے والے صومالی باشندے کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم کے قبضے سے جعلی سعودی کرنسی ، اقامے اور دیگر جعلی دستاویزات برآمدہوئیں ۔ ریاض پولیس کے ترجمان نے اردونیوز کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریجن میں ایک غیر ملکی شخص نے جعل سازی کا نیٹ ورک قائم کررکھا ہے جہاں وہ جعلی اقامے ، کرنسی نوٹ اور دیگر دستاویزات تیار کرتا ہے ۔ اطلاع ملنے کے بعد خفیہ پولیس کے اہلکاروں نے ملزم کی کڑی نگرانی شروع کر دی تاکہ اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جاسکے ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کی نگرانی پر مامور اہلکاروں نے کنٹرول روم سے مزید یونٹ طلب کی تاکہ جعل ساز کو فرار ہونے کا موقع نہ ملے ۔ امدادی یونٹ پہنچنے کے بعد ملزم کے ٹھکانے پر منظم انداز میں کارروائی کرتے ہوئے اسے اس کے ٹھکانے سے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی کمین گاہ سے جعلی سرکاری دستاویزات ،22 عدد تیار شدہ اقامے ، 27 اقامو ں کے کارڈ جن پر عبارت تحریر کرکے کمپیوٹر کے ذریعے تصویر اسکین کرنے کے بعد انہیں تیار کیا جانا تھا ، 4عدد جعلی پاسپورٹ ، بڑی تعداد میں کرنسی نوٹ جن میں 500 ، 100 اور 50 ریال شامل تھے ،کے علاوہ سرکاری اداروں کی جعلی مہریں ، جعل سازی میں استعمال ہونے والے سافٹ وئیر ، لیپ ٹاپس اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے جعل سازی کا اعتراف کر لیا ۔ جعل ساز غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھا ۔