جدہ ( وا س ) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ تہران میں سعودی سفارتخانے اور مشہد میں اس کے قونصل خانے پر وعدے کے مطابق تحقیقات کے سلسلے میں مزید تعاون کرے اور تحقیقاتی عمل کو زیادہ سے زیادہ شفاف بنانے کا اہتمام کرے ،سعودی عرب کے مطالبات پورے کرے جھگڑا نہ بڑھائے ۔ او آئی سی نے اتور کو اعلامیہ جاری کر کے ایران سے کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ خلیج کو پاٹنے کی سنجیدہ کوشش کرے ۔ ابہام دور کرنے کا اہتمام کرے وگرنہ سفارتخانے اور قونصل خانے پر تحقیقات کا مسئلہ مزید پیچیدہ ہو گا ۔ او آئی سی نے توجہ دلائی کہ تحقیقات میں صاف شفاف رویہ فریقین کے مفاد میں ہو گا ۔ اس حوالے سے سعودی عرب کے مطالبات مسلم وزرائے خارجہ کی قرار دادوں 1961ء میں منعقدہ اور 1963ء میں طے پانیوالے ویانا معاہدوں اوربین الاقوامی قانون کے عین مطابق ہیں ۔ سعودی دفتر خارجہ نے پیر کو اعلامیہ جاری کر کے ایرانی حکام پر الزام لگایا تھا کہ وہ سفارتخانے اور قونصل خانے پر حملے کے واقعہ میں تحقیقاتی عمل مکمل کرنے سے انکاری ہیں اور اس سلسلے میں مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں ۔