Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لڑکیوں کو ’’شادی شگن‘‘پروگرام کے تحت51ہزار روپے دینے کا اعلان

نئی دہلی۔۔۔۔ملک میں مسلم لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مقصد سے حوصلہ افزائی کرنے کیلئے مرکزی حکومت اُن اقلیتی لڑکیوں کو51ہزار روپے کی رقم بطور ’’شادی شگن‘‘ دیگی جو بیچلر کی تعلیم مکمل کرینگی ۔مرکزی اقلیتی امور وزارت کے ماتحت ادارہ مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن( ایم اے ای ایف) نے مسلم لڑکیوں کی مدد کیلئے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ ایم اے ای ایف کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد صرف مسلم لڑکیوں اور انکے والدین کو اس بات کیلئے حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ لڑکیاں یونیورسٹی یا کالج کی سطح پر تعلیم مکمل کرسکیں۔ اس اقدام کوابتدائی طور پر ’’شادی شگن‘‘نام دیا گیا ہے۔حال ہی میں اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی کی صدارت میں ایم اے ای ایف کی میٹنگ میں طالبات کی بہتر تعلیم اور فلاح و بہبود کیلئے فیصلے کئے گئے۔ اب نویں اور 10ویں کلاس میں تعلیم حاصل کرنے والی مسلم بچیوں کو 10ہزار روپے کی رقم فراہم کی جائیگی۔اب تک 11ویں اور 12ویں کلاس کی طالبات کو 12ہزار روپے وظیفہ مل رہا تھا ۔ ایم اے ای ایف کے مالیاتی امور کے نگراں حسین انصاری نے بتایا کہ مسلم لڑکیوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ہمارا مقصد بچیوں اور خاص طور پر والدین کی حوصلہ افزائی کرناہے تاکہ لڑکیاں کم سے کم گریجویشن مکمل کرسکیں ۔ ’’شادی شگن‘‘ کے طور پر 51ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہ رقم کوئی خاص نہیں مگر اس سے مسلم لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کے لئے لوگوں کا حوصلہ بڑھے گا ۔

شیئر: