لندن.... چند دنوں قبل ایک چڑیا گھر سے ایک ایسی خبر آئی تھی کہ وہاں موجود زرافے نے کار میں بیٹھی خاتون کی لمحاتی غفلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی گاڑی میں اپنا منہ گھسایا اور بڑے فنکارانہ انداز سے اس کا ناشتہ دان وہاں سے اٹھا کر باہر کھینچ لیا ۔ کچھ چیزیں کھائیں اور بیشتر گرا دیں ۔ ایسا ہی کچھ واقعہ یہاں بھی پیش آیا ہے جس میں ایک بھوکی پالتو لومڑی اپنے مالک کی غفلت سے فائدہ اٹھاتی نظر آتی ہے ۔ اس موقع کی جو تصویر جاری ہوئی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لومڑی نے مالک کے چائے کے پیالے میں منہ ڈالکر بڑے خوبصورت انداز سے چسکی لے لی ۔ مالک لومڑی کی جرأت دیکھ کر اسے ’’نہیں نہیں‘‘ کہہ کر روکتا رہا مگرلومڑی اپنا کام کر چکی تھی اور لومڑی نے برہمی بھی دکھائی اورمالک کے ہاتھ پر دانت جما دینے کی کوشش کی ۔