بینکاک.... مشہور تھائی جزیرے پھیچا بون میں جانوروں کی عزت نفس کا ایساعجیب و غریب مظاہرہ دیکھنے میں آیا کہ عقل حیران ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک سیاح کو نہ جانے کیا سوجھی کہ اس نے ایک ریچھ کو چھیڑنے او راسکا مذاق اڑانے کا فیصلہ کیا جو اسے بہت مہنگا پڑا۔ کہا جاتا ہے کہ 36سالہ سیاح نے ریچھ کیلئے رکھا ہوا چاول کا پیالہ اتنی اونچائی پر رکھدیا تھا کہ ریچھ کیلئے اس تک پہنچنا یا منہ لیجانا ناممکن ہوگیا تھا۔ آخر غصے میں آکر ریچھ پچھلی ٹانگوں پر کھڑا ہوگیا اور غصے میں نہ صرف سیاح پر حملہ کیا بلکہ اسے کھینچتے ہوئے انکلوژر تک لے گیا۔ صورتحال کافی خطرناک تھی جسے دیکھ کر لوگ ڈر گئے تاہم کچھ لوگ اس کی مدد کو دوڑے اور اس بدتمیز سیاح کو بچالیا۔ کہا جاتا ہے کہ اب وہ اسپتال میں ہے۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ غصہ سے برہم ریچھ نے اپنے نوکیلے پنجوں سے اسے نوچ کھسوٹ کر رکھ دیا جس کی وجہ سے اس کے سارے بدن سے خون رسنے لگا جبکہ مضبوط اور بھاری سر سے اس شخص کو بار بار ٹکر بھی دی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شخص مقامی خانقاہ کی سیر کو آیا تھا۔ ریچھ کے حملے کے بعد سیاح بے ہوش ہوگیا تاہم اس سے قبل ریچھ اس کے بدن کے گوشت کے چیتھڑے ادھیڑ چکا تھا۔سیاح کو بچانے میں اسکے دوستوں نے مدد کی اور ریچھ کو بھگانے کیلئے ڈنڈوں کا استعمال کیا جو زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوا۔آخرچڑیا گھر کے عملے کے کچھ لوگ اس کی مدد کو دوڑے اور ریچھ کو کسی طرح قابو کرکے وہاں سے ہٹانے میں کامیاب رہے۔کچھ لوگوں کا کہناہے کہ ریچھ کے غصے کی بڑی وجہ یہ ہوئی کہ اسے بھوکا رکھا جارہا تھا اور واقعہ کے دن اسے صبح سے کچھ کھانے کو نہیں ملا تھا۔ انتظامیہ کے کارکنوں نے چاول کا ایک پیالہ رکھا تو اس سیاح نے اسے اسکی پہنچ سے اتنا دور کردیا کہ وہ اپنے غصے پر قابو نہیں پاسکا۔ عینی شاہدین کا کہناتھا کہ یہ سیاح خوش قسمت تھا جوبچ گیا ورنہ ایسے عالم میں عام ریچھ شیروں سے زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔