Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی ٹی روڈ ریلی کا سفر دوبارہ شروع

راولپنڈی ...سابق وزیراعظم نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی نے جمعرات کو ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے راولپنڈی کچہری چوک سے لاہور کی جانب سفر دوبارہ شروع کردیا ۔ نواز شریف پنجاب ہاوس سے باہر نکلے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔ جوش وخروش عروج پر ہے۔ریلی کا اگلا پڑاو چوہدری نثار کا حلقہ روات ہے جہاں استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں۔ جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگے ہیں ، پارٹی پرچم لہرا رہے ہیں۔ نواز شریف کی تصاویر آویزاں ہیں۔ ریلی جی ٹی روڈ سے مندرہ، گوجر خان، سہاوا اور دینہ سے گزرتی ہوئی جہلم پہنچے گی، جہاں نواز شریف خطاب کریں گے۔ رات جہلم میں قیام کے بعد جمعہ کی صبح سفر دوبارہ شروع ہو گا۔گزشتہ رات نواز شریف نے راولپنڈی میں کمیٹی چوک پرکارکنان سے خطاب کیا تھا ۔ ریلی کی روانگی سے قبل پنجاب ہاوس مشاورتی اجلاس ہو ا جس میں حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔پنجاب پولیس نے پنجاب ہاوس کے اطراف اسنیپ چیکنگ کی ۔گزشتہ روز سابق وزیراعظم کی ریلی نے صرف30منٹ کا فاصلہ 14 گھنٹے میں طے کیا تھا۔دریں اثناءامریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عوام کے ساتھ واپسی کے سفر کا ارادہ کرکے شاید کچھ خطرات بھی مول لئے ہیں۔
 

 

شیئر: