پورٹ آف اسپین: پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان کی شاندار بولنگ اور کولن منرو کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کو ایک اور فتح دلا دی جبکہ گیانا ایمیزون واریئر ز لیگ کے اس سیزن میں پہلی کامیابی کی تلاش میں 7وکٹوں سے شکست کھا گئے۔ شاداب خان نے 28رنز دے کر4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کولن منرو نے ہدف کے تعاقب میں ناقابل شکست 70رنز اسکور کئے ان کے ساتھ دنیش رامدین42رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔کولن منرو کو فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پورٹ آف اسپین میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے کپتان ڈیوائن اسمتھ نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔گیانا ایمیزون واریئر ز نے7وکٹوں کے نقصان پر156رنز اسکور کئے۔ اس کے اوپنرز نے ٹیم کو 40رنز کا آغاز فراہم کیا۔ چیڈک والٹن اور مارٹن گپٹل با لترتیب36اور24رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بھی رہے جبکہ روشن پریمس نے23رنز کی اننگز کھیلی۔ شاداب خان کی جاندار بولنگ نے گیانا کی ٹیم کو بڑے اسکور سے روکنے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ انہوں نے 4 اوورز میں28 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ 2وکٹیں سنیل نارائن کے حصے میں آئیں جس کے لئے انہوں نے 16رنز دیئے۔فتح کے لئے157رنز کے تعاقب میں ٹرنباگو کا آغاز تباہ کن تھا جب اوپنر برینڈن میکولم کوسہیل تنویر نے پہلی ہی گیند پر آوٹ کردیا تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں کولن منرو نے سنیل نارائن کے ساتھ 79رنز کی شراکت قائم کرکے صورتحال کو سنبھال لیا۔ سنیل نارائن نے23رنز بنائے۔ کولن منرو نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا جبکہ سنیل کے بعد آنے والے کپتان ڈیوائن براوو17 رنزبنا کر لوٹ گئے۔ ان کے بعد وکٹ کیپر دنیش رامدین نے منرو کا بھر پور ساتھ دیا اور دونوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے19اوورز میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔دنیش رامدین نے چھکا لگا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچایا اور23گیندوں پر 3چھکوں اور3چوکوں کے ساتھ42رنز بنانے میں کامیاب رہے۔کولن منرو نے47گیندوں کا سامنا کیا اور 5چھکوںاور5 چوکوں کے ساتھ 70رنز مکمل کرکے لوٹے۔سہیل تنویر، اسٹیون جیکبز اورروشون پریمس نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس کے ساتھ ہی شاداب خان کیریبیئن لیگ کے کامیاب ترین بولر بن گئے وہ اب تک
8وکٹیں لے چکے ہیں۔