نئی دہلی۔۔۔۔راجیہ سبھا میں جنتا دل یونائٹیڈ کے ڈپٹی لیڈر کے عہدے سے معطل کئے گئے پارٹی کے باغی لیڈر علی انور نے پارٹی صدر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کیخلاف اصولوں کی جنگ چھیڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس لڑائی کو عوام کے درمیان لے کر جائیں گے۔ غورطلب امر یہ ہے کہ کل 16اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں حصہ لینے کی وجہ سے علی انورکو پارلیمانی پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا اور پارٹی کے سینیئر لیڈر شرد یادو کو بھی راجیہ سبھا میں پارلیمانی پارٹی کے لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔علی انور نے نتیش کمار سے اپنی لڑائی کو انفراد ی نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ قراردیتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ وہ راجیہ سبھا میں پارٹی کے لیڈر یادو کے کہنے پر ہی اپوزیشن کے اجلاس میں حصہ لینے گئے تھے کیونکہ کل تک ایوان میں وہی لیڈر تھے اور وہ پارٹی کے بانی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اجلاس میں حصہ لینا کوئی غلطی تونہیں مگرنتیش کمار نے پارلیمانی پارٹی سے معطل کردیا۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ پارٹی سے معطلی پر خوفزدہ نہیں ۔علی انور نے کہا کہ گاؤں گاؤں جاکر اپنی بات عوام کے سامنے رکھوں گا۔