بھوپال ۔۔۔۔اترپردیش کی یوگی حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مدھیہ پردیش حکومت نے بھی 15اگست کو ریاست کے تمام مدارس میں قومی پرچم لہرانے اور پرچم کشائی سمیت دوسرے ثقافتی پروگراموں کی فوٹوگرافی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ریاستی مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سید امام الدین کی جانب سے مدرسہ انتظامیہ کو 10اگست کو بھیجے گئے خط میں یو م آزدی پر منعقدکئے جانیوالے پرگراموں کی فہرست بھی بھیجی گئی ہے۔ خط میں لکھا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے اپنے مدرسے میں قومی پرچم لہرائیں اور ثقافتی پرگرام کے انعقاد کو یقینی بنائیں ساتھ ہی اپنے شہروں میں سبھی مدرسہ منتظمین اور طلبہ ترنگا ریلی کا انعقاد کریں۔ خط کے آخر میں سبھی پروگراموں کے فوٹوگرافس مد رسہ بورڈ کو ای میل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین نے بتایا کہ اس مرتبہ ہم نے 4750رجسٹرڈ مدرسہ منتظمین اور ان میں زیر تعلیم تقریباًڈھائی لاکھ طلبہ و طالبات کو یو م آزادی کو اپنے اپنے شہروں میں’’ ترنگا ریلی ‘‘منعقد کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام مدرسہ منتظمین کو ہدایت دی گئی کہ یوم آزادی پر قومی پرچم لہرانے اور ثقافتی پروگرام منعقد کرنے اور ان کی وڈیو بنانے کا اہتمام کریں۔