حیدرآباد-----ریاست میں بہتر خدمات اور سرکاری اسکیموں و پروگراموں پر موثر عمل کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ نے کلکٹرز کو ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے جس کیلئے ریاست کے 10 اضلاع کے کلکٹرز کا انتخاب کیا گیاہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے فہرست جاری کر دی ہے ۔ جنگاؤں کی کلکٹر دیوا سینا کو سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طالبات کے خود کے دفاع کی تکنیک ‘ مارشل آرٹس کی تربیت فراہم کرنے کے سلسلہ میں اختراعی اقدامات پر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ عادل آباد کے کلکٹر جے بدھا پرکاش کو بھی اسی زمرہ میں ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ عام زمرہ میں ڈاکٹر یوگیتا رانا کلکٹر نظام آباد کو یتیم بچوں کی بازآبادکاری کے سلسلہ میں اقدامات پر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ ڈاکٹر اے شرت کلکٹر جگتیال کو دھان کے حصول کے سلسلہ میں اقدامات پر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ سرکاری اسکیمات اور حکومت کے پروگراموں پر موثر عمل کے سلسلہ میں ان کلکٹرس کو ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔