لاہور:ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے تسلیم کیا ہے کہ وہ فٹنس میں پی سی بی کے معیار پرپورا نہیں اتر سکے تھے تاہم اب مکمل طور پر فٹ ہیں اور جلد قومی ٹیم میں واپسی یقینی بنائیں گے۔ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں بچوں کے تحفظ کے لئے قائم ادارے میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر عمر اکمل نے کیک کا ٹا اور بچوں میں مختلف تحائف تقسیم کیے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں عمر اکمل نے کہا کہ فٹنس کے حوالے سے میں بورڈ کے تقاضے پورے نہیں کر سکا جس کی وجہ سے مجھے عالمی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت سے محروم ہو نا پڑا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بورڈ کے تمام قوانین کو تسلیم کرتا ہوں اور میں نے کبھی ان کی خلاف ورزی کی کوشش نہیں کی۔انہوں نے بتایا کہ گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے برطانیہ گیا تھا، اب پوری فٹ ہو چکا ہوں اور جلد ٹیم میں واپس آنے کی کوشش کروںں گا۔