Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان قومی یکجہتی فورم کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب

قومی مفاد کا فروغ اور نظریے کی حفاظت وقت کی ضرورت ہے، منسٹر کوآرڈینیٹر جاوید رفیق 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قومی یکجہتی فورم کی جانب سے جشن آزادی پاکستان کا عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا جس میں متعدد تنظیموں کے نمائندہ افراد شامل تھے ۔ پروگرام کی صدارت فرخ رشید نے کی۔ مہمان خصوصی پاکستان قونصلیٹ کے منسٹر کوآرڈینیٹر جاوید رفیق تھے ۔ تقریب کا آغاز قاری الیاس کی تلاوت آیا ت ربانی سے ہوا ۔ احمد زبیر نے نعت رسول مقبول پیش کی ۔ فورم کے کنوینیر ریاض بخاری نے فورم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ فورم کا قیام 2 برس قبل عمل میں آیا تھا ۔اس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں جن میں جماعت اسلامی ، جمعیت علماءاسلام ، پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ( ن) ، تحریک انصاف ، پاک سرزمین ، پاکستان، مسلم لیگ ( ق) ،عوامی نیشنل پارٹی، جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز ، پاکستان رائٹرز فورم کے علاوہ دیگر سماجی اور ادبی تنظیمیں بھی شامل ہیں ۔ متحدہ پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا مقصد اتحاد و اتفاق کا عملی پیغام دینا ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں بھی اسی طرح کا اتحاد وجود میں آئے ۔ مہمان خصوصی منسٹر کوآرڈینیٹر جاوید رفیق نے اپنے خطاب میں میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آج کی تقریب میں شرکت کرکے بے حد مسرت محسوس ہو رہی ہے ۔آپ نے جواتحاد کی عملی مثالی پیش کی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ ہمیں ہر میدان میں عملی طور پربھی اس بات کو ثابت کرنا ہے کہ وطن کی ترقی اور استحکام کے لئے اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتے ہیں ۔ پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کی بنیاد تھی اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس نظریے کو عملی طور پر اپنائیں اور اسے مستحکم کریں تاکہ اپنی اساس کو مضبوط کر سکیں ۔کچھ عناصر ہمیں اس نظریے سے دور کرنا چاہتے ہیں ہمیں انکی چالوں کو اپنے مثالی اتحاد سے ناکام بنانا ہے ۔ جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے مولانا عبدالرشید نے کہا کہ حصول وطن کے لئے ہمارے اسلاف نے جو قربانیاں دی ہیں ہمیں ان کی لاج رکھنا ہے ۔ یہ مٹی ہمارے لئے بہت قیمتی ہے جس کے حصول میں ہمارے اسلاف کا قیمتی خون بہا ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے نوشیرواں خٹک نے کہا جشن آزادی جھنڈوں اور جھنڈیوں کے لہرانے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس کے حقیقی پیغام کو اپنائیں اور عزم و ولولے سے اس بات کا عہد کریں کہ وطن عزیز کے استحکام کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔جماعت اسلامی اور پاکستان رائٹرز فورم کے انجینیئر نیاز احمد نے کہا کہ یوم آزادی منانا ایک جاندار روایت ہے۔ یادوںکو تازہ رکھنے سے نسل نو میں اسکی اہمیت اور افادیت اجاگر ہوتی ہے ۔ ہم اس ملک کے وارث ہیں اور ہمیں ہی اسے حقیقی منزل کی جانب لے جانا ہے جو دو قومی نظریہ ہے ۔ اشفاق بدایونی نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ ہم میں سے ہر شخص غلطیوں کی جانب انگلی تو اٹھاتا ہے مگر اصلاح کی کوشش نہیں کرتا ہمیں چاہئے کہ سود جیسی لعنت سے مکمل طور پرچھٹکاراحاصل کریں ۔ تقریب میں قیام پاکستان کی تاریخی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جبکہ احمد زبیر اور علی رضا نے ملی نغمے پیش کئے ۔ معروف شاعر محسن علوی اور زمردسیفی نے منظوم کلام پیش کیا۔ محمد نواز جنجوعہ نے کلام اقبال ترنم سے پڑھا ۔ صدر تقریب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی عہدیدار فرخ رشید نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان قومی یکجہتی فورم کی جانب سے قومی سطح کے پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس اتحاد کو مثالی بنانے کےلئے ہمیشہ تعاون کرتے رہیں گے ۔ اختتام سے قبل شرکاءنے ملکر یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا ۔ 

شیئر: