سلمان اورشاہ رخ ڈسٹری بیوٹرز کولے ڈوبے
بالی وڈ کے سلطان سلمان خان اور کنگ شاہ رخ خان کی پے درپے ناکام فلموں نے سینما مالکان کوبھاری نقصان سے دوچار کردیا۔ دونوں خانز ڈسٹری بیوٹرز کو لے ڈوبے ۔ان کی ناکام فلموں کے باعث افواہیں گردش کررہی ہیں کہ دونوں خانز کا سحر اب ٹوٹ چکا ہے اور لوگ ان کی بجائے کم عمر اور نواجوان اداکاروں کو پردے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔رواں سال ریلیز ہونےوالی دونوں خانزکی فلمیں ”ٹیوب لائٹ“ اور”جب ہیری میٹ سیجل“ توقع کے خلاف باکس آ فس پر ناکامی کا شکار ہوئیں۔ اسٹوڈیوز کے مالک اور فلم ڈسٹری بیوٹرنریندرا ہراوت نے کہا کہ انہوں نے فلم ٹیوب لائٹ اور جب ہیری میٹ سیجل کے حقوق فلموں کی ریلیز سے قبل ہی خرید لئے تھے۔ انہیں یقین نہیں تھا کہ یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوں گی کیونکہ لوگ فلم دیکھنے نہیں بلکہ سلمان اور شاہ رخ کو دیکھنے سینما آ تے ہیں تاہم فلموں کی ناکامی سے ان کے 60 کروڑ روپے ڈوب گئے۔ ٹیوب لائٹ کی ناکامی کی توقع کسی کو نہیں تھی لہٰذا سلمان نے فلم ڈسٹری بیوٹرز کے نقصان کا ازالہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ہراوت نے کہا کہ میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ سلمان خان 35 کروڑ کی رقم اداکرچکے ہیں لیکن مجھے ابھی تک کوئی پیسہ نہیں ملا۔ میں 60 کروڑ کا نقصان اٹھا چکا ہوں۔شاہ رخ خان سے بھی درخواست ہے کہ وہ میرا نقصان پورا کریں۔