ریاض(رپورٹ و تصویر :کے این واصف) سفیر ہند احمد جاوید نے مشورہ دیا کہ سعودی عرب میں ملازمت کیلئے ہندوستان سے نئے آنے والے اپنے ویزے، ملازمت اور کنٹریکٹ کی اچھی طرح جانچ پڑتال کر کے ہی یہاں آئیں۔ وہ ہندوستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر ہندوستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت پر ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعداد وطن واپس ہوئی۔ ان میں ریکروٹنگ ایجنٹس سے دھوکا کھانے والوں کی اکثریت تھی۔ سفیر ہند احمد جاوید نے سعودی حکومت کی جانب سے مہلت دیئے جانے کا بہترین الفاظ میں شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ مہلت کے دوران ایمبیسی کو سماجی تنظیموں کی جانب سے بہت مدد حاصل ہوئی جس کیلئے تمام ہندوستانی ستائش کے مستحق ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ منطقہ شرقیہ میں بھی بڑی تعداد میں سماجی کارکنان نے ایمبیسی کے ساتھ تعاون کیا جس کیلئے ایمبیسی ان کی مشکور ہے۔ سفیر ہند نے سوشل میڈیا گروپس کی بھی ستائش کی جن کی مدد سے بروقت کمیونٹی ممبرز کو معلومات فراہم ہوتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم امید کرتے ہیں کہ سماجی تنظیموں کی جانب سے ایمبیسی کو اسی طرح کا تعاون ہر ضرورت کے وقت مستقبل میں بھی حاصل رہے گا۔ احمد جاوید نے یقین دلایا کہ ایمیبسی اپنی کمیونٹی کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔سفیر ہند نے کہا کہ ہندوستانی کمیونٹی نے سعودی عرب میں اپنا ایک اچھا امیج بنایا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ آپ اپنی اس شبیہ کو یونہی بنائے رکھیں۔ اس کا اثر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ آخر میں انہوں نے ایمبیسی آڈیٹوریم میں بھاری تعداد میں جمع کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا او رکہا کہ آج چھٹی کا دن نہ ہونے کے باوجود آپ لوگ اس تقریب میں شریک رہے جو آپ کی حب الوطنی کا ثبوت ہے۔ اپنے خطاب کے بعد سفیر ہند احمد جاوید نے صدر جمہوریہ ہند کا قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنایا۔ قبل ازیں سفیر ہند نے ایمبیسی احاطہ میں کمیونٹی کی بھاری تعداد کے بیچ قومی ترنگا لہرایا۔ فرسٹ سیکریٹری ڈاکٹر حفظ الرحمان نے ابتداء میں خیرمقدم کیا۔ اس تقریب میں نائب سفیر ہند ہیمنت کوٹلوال، فوجی اتاشی کرنل منیش ناگپال ، دیگر سفارتکار او رایمبیسی اسٹاف بھی موجود تھا۔ 70ویں یوم آزادی کی مناسب سے ایمیبسی کی پوری عمارت کو بہترین طریقے سے سجایا گیا تھا۔ آخر میں مٹھائیوں او رمشروبات سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔