احمد آباد۔۔۔گجرات میں اونا سانحہ کو ایک مرتبہ پھر دہرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ مردہ گائے کی کھال اتارنے پر اعلیٰ ذات کے کچھ لوگوں نے دلت کنبے کی وحشیانہ انداز میں پٹائی کردی۔ذرائع کے مطابق گجرات کے آنندضلع کے اعلیٰ ذات کے تقریباً15افراد نے 45سالہ خاتون اور اس کے بیٹے کی ڈنڈوں سے پٹائی کی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آردرج کرادی گئی ہے۔ یہ واقعہ سجترا تعلقہ کے کاسور گاؤں میں پیش آیا ۔ اس گاؤں میں راجپوت برادری کثیر تعداد میں آباد ہے جہاں کے تقریباً15افراد نے نچلی برادری کی 45سالہ خاتون اور اس کے بیٹے کو بری طرح زدوکوب کیا۔ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں متاثرین کا کہنا ہے کہ 15 افراد کا گروہ ان کے گھر پر حملہ آور ہوا اور گالم گلوچ اور مارپیٹ کی۔ غریب کنبے کے ماں اور بیٹے مردہ جانور کی کھالیں اتارنے کا کام کرتے ہیں ۔ پولیس نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ واضح ہوکہ پچھلے سال اونا گاؤں میں مردہ گائے کی کھال اتارنے پر 4دلتوں کی بری طرح پٹائی کی گئی تھی۔