قاہرہ....ہندوستانی وزیر مملکت برائے امور اقلیت مختار عباس نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سمندری جہازوں کے ذریعے ہندوستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچانے سے متعلق حکومت ہند کے منصوبے پر نئی دہلی میں متعین سعودی سفیر سعود محمد الساطی نے مثبت ردعمل ظاہر کردیا۔ ڈی این آئی انڈیا ویب سائٹ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی سفیر نے مختار نقوی سے رابطہ کرکے کہا کہ سعودی عرب سمندری راستے سے آنے والے ہندوستانی عازمین کا خیر مقدم کرنے کیلئے تیار ہے۔ نقوی نے کہا کہ انکا ملک سمندر کے راستے ہندوستانی عازمین کو مملکت پہنچانے والی نئی اسکیم کی تفصیلات جلد جاری کریگا۔ آئندہ برس سے اس پر عمل درآمد ہوگا۔ہندوستانی وزیر نے سعودی سفیر کے ساتھ45منٹ تک ملاقات کی تھی۔ وہ زیادہ تفصیل کے ساتھ گفت و شنید کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرینگے۔ نقوی نے بتایا کہ ہندوستانی وزیر ٹرانسپورٹ ماہ رواں کے آخر میں اپنی وزارت کے عہدیداروں کے ساتھ متعدد میٹنگیں کرکے ہندوستانی عازمین حج کےلئے سمندری راستہ بحال کرنے کے طور طریقوں پر بات چیت کرینگے۔