لاہور ... سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ ماضی میں نواز شریف کا ساتھ دیا تھا۔ ہم نے نواز شریف کا نہیں جمہوریت کا ساتھ دیا ۔ دھرنے کے دوران بھی پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ تھے۔ آئندہ بھی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کریں گے۔ جمعرات کو بلاول کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرس کے دوران انہوں نے کہا کہ میری جمہوریت کے ساتھ دوستی تھی، میاں صاحب کے ساتھ کبھی پائے نہیں کھائے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں صاحب سے جلا وطنی کے دوران تعلقات تھے۔اب نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان ایک سکے کے دو رخ ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ پیپلزپارٹی فی الحال کسی سیاسی جماعت کے ساتھ چلنے کا نہیں سوچ رہی ۔ انہوں نے کہاکہ این اے 120 کی انتخابی مہم کی خود نگرانی کروں گا۔ اس مرتبہ نتائج مختلف نکلیں گے۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ عمران خان فی الحال فل ٹاس پر کھیل رہے ہیں، جب نو بال پر کھیلیں گے تو دیکھیں گے ۔ آ ٓج کل غیرسیا سی لوگ سیاست میں ہیں ۔ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو سیاست میں نہیں دیکھ رہا ۔