پٹنہ۔۔۔۔بہار میں زبردست بارش سے گنگا سمیت تمام دریاؤں میں طغیانی آئی ہوئی ہے ۔ ریاست کے 14اضلاع میں سیلاب کی صورتحال جوں کی توں ہے۔ سیلاب سے مرنیوالوں کی تعداد بڑھ کر119 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ آفات مینجمنٹ کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیلاب سے پورنیہ ، کشن گنج، ارریہ ،کٹیہار ،مدھے پور وغیرہ اضلاع کے 110بلاک میں تقریباً93لاکھ آبادی متاثر ہوئی ہے۔ فوج کے ساتھ نیشنل ڈیزاسٹر فورس اور ریاستی فورس کے جوان مسلسل راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ان 14اضلاع میں این ڈی آر ایف کی 27ٹیمیں 1110فوجی جوان اپنی 114کشتیوں کے ساتھ جبکہ طبی موبائل دستہ بھی علاقے میں مصروف ہے۔متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔اونچے اور محفوظ مقامات پر 504ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں تقریباً ایک لاکھ70ہزار افراد پناہ گزیں ہیں جنہیں کمیونٹی باورچی کھانے سے صبح شام کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔