ایرانی میزائل پروگرام جاری رکھنے کا اعلان
تہرا ن-----ایران نے ایک بار پھر سلامتی کونسل کے فیصلوں اور قراردادوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے متنازع بیلسٹک اور کروز میزائل پروگرام پر کام جاری رکھنے کا اعلا ن کر دیا ۔ صدر حسن روحانی کی کابینہ میں شامل نئے وزیر دفاع بریگیڈیئر امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران اپنے بیلسٹک میزائل بالخصوص کروز میزائلوں کو اپ گریڈ کرنے کا کام جاری رکھے گا۔ ایرانی وزیر دفاع کا یہ بیان سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی کھلی خلاف ورزی ہے جس میں تہران سے بیلسٹک میزائل تجربات روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمی نے کہا کہ ’اہم اپنی میزائل طاقت کے تمام شعبے مضبوط بنائیں گے، بالخصوص کروز اور بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر کام جاری رہے گا۔ ایران اپنی فضائی دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے فضائی تزویراتی صلاحیت کو اپ گریڈ کرنے اور بری دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔