مظفر نگر ٹرین حادثہ۔۔۔۔جی ایم سمیت 7حکام کے خلاف کارروائی
نئی دہلی۔۔۔۔مغربی اترپردیش کے کھتولی میں گزشتہ روز کلنگ اتکل ایکسپریس حادثے پر وزارت ریلوے نے اپنے 7حکام کیخلاف سخت کارروائی کی ہے۔ ریلوے بورڈ میں رکن (انجینیئرنگ) شمالی ریلوے کے جنرل منیجر اور دہلی کے ڈویژنل ریلوے منیجر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ۔وزارت ریلوے نے شمالی ریلوے کے چیف انجینیئر کا تبادلہ کرنے کے علاوہ سینیئر ڈویژنل انجینیئر کا تبادلہ کرنے کے ساتھ سینیئر ڈویژنل انجینیئر سمیت 4افسران کو معطل کردیا۔یاد رہے کہ 2روز قبل روزاتکل ایکسپریس کی 14بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں جس میں مرنیوالوں کی تعداد 32ہوچکی ہے جبکہ 200افراد زخمی ہوئے ہیں۔واضح ہوکہ پچھلے کئی ماہ کے دوران خصوصاً یوپی میں مختلف ریل حادثے ہوئے جس میں درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔مرکزی وزیر ریلوے نے مرنیوالوں کے اعزہ کو ساڑھے 3لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 50ہزار روپے اور معمولی زخمیوں کو 25ہزار روپے بطور امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ مظفر نگر میں ٹرین حادثہ پر نہایت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا اور مرنیوالوں کے لواحقین سے اظہارہمدردی کی ہے۔گورنر یوپی رام نائک نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیااور زخمیوں کی صحت یابی کی تمنا کی۔