Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چمپینزی کے بچے نسبتاً رزیادہ رحمدل اور ملنسار ہوتے ہیں

اٹلانٹا ،جارجیا .....  ماہرین حیوانات عرصہ سے یہ کہتے رہے ہیں کہ چمپینزی بالعموم بہت رحمدل اور ایک دورے کا خیال رکھنے والے ہوتے ہیں۔ تجربات سے ثابت ہوتا ہے کہ اس بات میں کوئی مغالطہ بھی نہیں مگر اس حوالے سے ہونے والی تازہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ چمپینزی کے بچے اپنے بڑوں کے مقابلے میں زیادہ رحمدل، خوش مزاج اور ملنسار ہوتے ہیں۔ مشاہدے میں یہ بات بھی دیکھی گئی کہ چمپینزی کے بچے صرف اپنے ہی کنبے کے چمپینزیز کا خیال نہیں رکھتے بلکہ دوسرے کنبوں سے تعلق رکھنے والے چمپینزیوں سے بھی میل جول بڑھاتے ہیں۔ پریشانی کی حالت میں انہیں پیار کرتے اور انکے حوصلے بڑھاتے ہیں۔ محققین کا کہناہے کہ اس تازہ ترین تحقیق کا مطلب یہ نہیں لیا جانا چاہئے کہ سن رسیدہ چمپینزی دوسروں کا خیال نہیں رکھتے یا بالکل بے رحم ہوتے ہیں تاہم انکے اظہار ہمدردی کا طریقہ مختلف ہوجاتا ہے اور ان میں یہ شعور زیادہ بڑھ جاتا ہے کہ کس کی مددکتنی کی جائے۔ رحمدلی چمپینزیوں کی فطرت میں ہے تاہم اپنی زندگی کے دوران  انکے انفرادی رویئے میں بہت فرق نظرآنے لگتا ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہوتا ہے جس طرح انسان دوسروں کے مقابلے میں اپنے قریبی عزیز و اقارب کا زیادہ خیال رکھتا ہے۔ یہ تحقیقی رپورٹ 44ایسے چمپینزیوں کے مشاہدے کے بعد مرتب کی گئی ہے جنہیں اٹلانٹا کے  ایک تحقیقی مرکزمیں 8سال تک رکھا گیا تھا۔ تحقیقی رپورٹ یونیورسٹی آف اٹلانٹا کی سائنسدان ڈاکٹر کرسٹائن ویب کی نگرانی میں مرتب ہوئی او راسکی اشاعت نیو سائنٹسٹ نامی جریدے کے حالیہ شمارے میں ہوئی ہے۔ تحقیق کا لب و لباب یہ ہے کہ چمپینزیوں کے بچے  بیحد جذباتی ہوتے ہیں اور وہ ہر ایک کی مدد کو دوڑ پڑتے ہیں۔ ایسی ہی علامتیں بن مانسوں اور گوریلوں میں بھی پائی جاتی ہے۔

شیئر: