بیسٹری، و یسٹ انڈیز: ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل نے کہا ہے کہ وہ میچ میں فتح کے باوجود اپنی ہوم ٹیم جمیکا ٹالاواہز کی شکست پر افسردہ ہیں۔ کپتان کرس گیل نے کیریبیئن پریمیئر لیگ کے میچ شاندار بیٹنگ کے ذریعے جمیکاٹالاواہز کو شکست دینے کے ساتھ اپنی موجودہ ٹیم سینٹ کٹس اینڈ پیٹریاٹس کو پلے آف راونڈ میں بھی پہنچادیا۔ انہوں نے 55گیندوں پر4-4چھکوں اور چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست71رنز اسکور کئے ۔میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے گیل کا کہنا تھاکہ اپنی سابق اور ہوم ٹیم کے خلاف کامیابی نے میرا دل توڑ دیا۔یاد رہے کہ کرس گیل نے لیگ کیریئر کے آغاز میں جمیکا کی نمائندگی کی تھی جو ان کے ملک کی ٹیم بھی ہے۔اوپنر نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ وہ مداحوں کو اپنی بیٹنگ سے محظوظ کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ہم پلے آف کوالیفائی کرچکے ہیں اور کوشش رہے گی کہ کامیابی کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑھتا رہے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ اس کے لئے ہمیں اپنی فیلڈنگ کو مزید بہتر بنانا ہوگا ۔