لندن میٹرو کیلئے سعودی ہدایت نامہ؟
لندن ..... برطانیہ میں لیبر پارٹی کے رکن جیسی فلپس نے انتہائی غضبناک لہجے میں مطالبہ کیاکہ ہمیں اپنے یہاں میٹرو میں خواتین کیلئے ڈبے مخصوص کرنے کی ہدایت سعودی عرب سے لینا ٹھیک نہیں۔ جنسی تشدد کا تعلق کنٹرول سے ہے۔اس پر اکسانے سے نہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کا نام برطانیہ میں میٹرو میں زنانہ ڈبے مخصوص کرنے نہ کرنے کے موضوع پر بحث کے دوران ناحق گھسیٹا۔ ایسا لگتا ہے کہ برطانیہ کے بعض سیاستدان اپنے اندرونی اختلافات پر گفت و شنید کے دوران سعودی عرب کا تذکرہ فیشن بناچکے ہیں۔ ان دنوں لندن میں میٹرو کے ڈبوں میں خواتین کے ساتھ چھیڑ خانی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ 2015ءمیں لیبر پارٹی کے ایک رکن نے اسی قسم کے واقعات بڑھ جانے پر زنانہ ڈبے مخصوص کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ ایک بار پھر یہ تجویز ایوان میں لائی گئی ہے۔ برطانوی حکومت کی ایک وزیر کرس ولیمسن نے اس کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس پر بحث اور مشاورت ہونی چاہئے۔ برطانیہ میں خواتین کے حقوق کے حامی متعدد سیاستدان اس تجویز کی سختی سے مخالفت کرچکے ہیں مگر حالیہ دنوں میں اسکا کوئی حل نظر نہ آنے پر ایک بار پھر زنانہ ڈبے مخصوص کرنے کے مطالبے ہونے لگے ہیں۔