Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکھنو کے بلند شہر کے گاﺅں ادولی میں فرقہ وارانہ فساد

لکھنو.... یوپی کے مغربی شہر بلند شہر میں تالاب سے مردہ گائے ملنے پر فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا جس میں مسلمانوں کے گھروں کو لوٹا گیا اور2مساجد میں توڑ پھوڑ کی گئی۔یہ فرقہ وارانہ فساد ضلع کے ادولی گاﺅں میں اس وقت پیش آیا جب تالاب میں ایک مردہ گائے کو دیکھا گیا۔ لوگوں نے اسے فوری طور پر باہر نکالا اور مشتعل ہوگئے جس کے بعدانہوںنے اقلیتی فرقے کے لوگوں کے متعدد گھروں کو لوٹ لیا اور مساجد میں خوب توڑ پھوڑ کی گئی۔ چشم دید گواہوں کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام پیش آیا۔ تقریباً گاﺅں کے 100افراد تالاب پر جمع ہوگئے جن میں پڑوسی گاﺅں کے لوگ بھی شامل تھے جن کا تعلق اکثریتی فرقے سے تھا۔ایک چشم دید گواہ نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ مشتعل لوگوں نے مزاحمت کے باوجود گھرو ںمیں آگ لگانے کی بھی کوشش کی۔ اس نے کہا کہ مردہ گائے کا تعلق مسلمانوں سے نہیں تھا لیکن جس طرح کا ماحول آج ریاست میں پھیلا ہوا ہے اس میں کسی نے بھی سچائی سننا گوارہ نہیں کی۔ اس واقعہ کے بعد مسلمانوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا اور وہ اپنے گھروں میں تالے لگا کر گاﺅں چھوڑ گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گاﺅں کے زیادہ تر مسلمان ان مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں جہاں اقلیتی فرقے کی اکثریت ہے۔ میڈیا کے مطابق سٹی ایس پی پروین رنجن نے بتایا کہ کئی تھانوں کی پولیس فورس اور پی اے سی بٹالین گاﺅ ںمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ ایس پی پردیپ کمار تیواری نے بتایا کہ ادولی گاﺅں کے تالاب میں ایک مری ہوئی گائے کی اطلاع ضرور ملی تھی جس پر علاقے کے ایس ایچ او کو موقع پر پہنچنے کا حکم دیا گیا تھا۔ پولیس نے گاﺅں میں لوگوں کو پرامن رہنے کی اپیل کی اور کچھ لوگوں کو حراست میں لیکر تحقیقات کیلئے تھانے بھی لے آئی۔ انہوں نے کہا کہ گائے کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد اسے جلا دیا گیا۔ انہوں نے یہ بتایا کہ پولیس جب گاﺅں سے واپس آئی تو اس وقت چند شرارت پسند افراد کی اپیل پر لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے گاﺅں والوں پر پتھراﺅ کیا اورگھر بھی لوٹ لئے۔ ایک سبزی فروش آباد علی نے ا س واقعہ کے بارے میں بتایا کہ روزانہ کی طرح وہ اپنے کام پر جارہا تھا کہ اچانک بھیڑ اسکی جانب آئی اور کچھ لوگوںنے اسکے ساتھ مارپیٹ کی جبکہ بعد میں اسکے ٹھیلے سے سبزیاں پھینکنا شرو ع کردیں۔ پولیس کاکہناہے کہ جن لوگوں نے لوٹ ماراور مساجد میں توڑ پھوڑ کی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
 

شیئر: