میڈرڈ:پابندی کا شکار کرسٹیانو رونالڈو کی عدم موجودگی اور گیر تھ بیل کے فلاپ ہونے کے بعد مارکو اسنسیو نے ریئل میڈرڈ کو شکست کی خفت سے بچالیا ۔ویلینسیا کے خلاف میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ اس میچ کے آغاز سے قبل ریئل میڈرڈ کو باضابطہ طور پرگزشتہ لا لیگا سیزن کی ٹرافی بھی پیش کی گئی تھی جو اس نے 21مئی کو جیتی تھی۔ اس صورتحال میں ویلنسیا نے دفاعی چیمپیئن ٹیم کیلئے شرمندگی کا پورا سامان کردیا تھا تاہم مارکو ٹیم کی مدد کو پہنچے اور مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔ نئے سیزن کے اس دوسرے میچ کے دوران ریئل میڈرڈ کے دونوں گول مارکو نے کئے ، نوجوان فٹبالر نے پہلے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی جسے 8منٹ کے بعد ویلنسیا نے برابر کر دیا تھا ۔ اس کے بعد ویلنسیا نے77ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے مقابلہ 2-1کردیا ۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا ویلنسیا میچ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی میچ کے آخری مراحل میں مارکو نے دوسرا گول کردیا ۔یوں ریئل میڈرڈ کی ٹیم میچ کو برابری پرختم کرنے میں
کامیاب ہوگئی۔