Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہار میں سیلاب کی وجہ چوہے ہیں، وزیرآبی وسائل

    پٹنہ- - - - - ہند کی شمال مشرقی ریاست بہار ایک بار پھر چوہوں کے سبب سرخیوں میں ہے یا یوں کہیے کہ وہاں کے چوہے سرخیوں میں ہیں۔ریاست  ان دنوں شدید ترین سیلاب سے دو چار ہے جہاں 500 سے زیادہ افراد اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے ۔ 21 اضلاع میں تقریباً  پونے 2 کروڑ افراد اس سے متاثر ہیں۔ بہار کے آبی وسائل کے وزیر رنجن سنگھ  نے کہا ہے کہ بہار کے سیلاب کی اصل وجہ چوہے ہیں۔انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ سیلاب کے پانی کے بند  توڑ کر نکلنے کا اصل سبب چوہے ہیں۔ بطور خاص کملا بالن دریا کے بند   کے پاس رہنے والے لوگ اپنا اناج بند  پر مچان بنا کر رکھتے ہیں جس سے وہاں چوہے آتے ہیں اور چوہے بند میں  سوراخ بناتے ہیں جس کے نتیجے میں یہ تباہی ہوئی ہے۔اسکے ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ حکومت نے 72 گھنٹوں میں ان سوراخوں کو بند کر دیا ہے۔اس کے علاوہ بہار کے آبپاشی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر دنیش چندر یادو نے بھی کہا کہ چوہے ایک زمانے سے بند کو کمزور کرتے رہے ہیں اور سیلاب کا موجب بنتے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بہت عرصے سے یہ مسئلہ رہا ہے۔ آپ اس کا کیا کر سکتے ہیں۔ کیا آپ چوہوں کو ہمیشہ کیلئے کسی جگہ سے بھگا سکتے ہیں؟ مچھر اور چوہے ہمیشہ سے مسئلہ ہیں۔بہار میں سیلاب کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں اور تقریباً پونے 2 کروڑ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ریاست میں حزب اختلاف راشٹریہ جنتا دل کے سینیئر لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر خزانہ عبدالباری صدیقی نے چوہوں کو سیلاب کا ذمہ دار بتانے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انھوںنے کہا کہ چوہے  شراب غٹ کر جا رہے ہیں،  اناج کھا جاتے  ہیں۔ اب تو چوہے ریاست میں سیلاب بھی لا رہے ہیں۔ اگر چوہے اس قدر طاقتور ہیں تو انھیں ہی حکومت کی ذمہ داری سونپ دینی چاہیے۔

شیئر: