کرکٹ سٹے بازوں کا کھیل ہے، ارجنا رانا ٹنگا
نئی دہلی: سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے کرکٹ کو سٹے بازوں کا کھیل قرار دے دیا۔ماضی کے ورلڈ کپ فاتح سری لنکن کپتان اور موجودہ دور کے سیاستدان ارجنا رانا ٹنگا نے کہا کہ سچ بتاتا ہوں کہ ہمارے ملک کی کرکٹ انتظامیہ بہت خراب ہے۔کرکٹ کو جواری چلارہے ہیں اور یہ اب سٹے بازوں کا کھیل بن چکا، لہذا ایسے میں پلیئرز کو مورد الزام قرار نہیں دیا جا سکتا۔ میں آج کل ہونے والی بہت سی چیزوں سے اتفاق نہیں کرتا لیکن بدقسمتی سے ہمارے پاس موجودہ بورڈ میں کوئی بھی ایسی شخصیت نہیں جس نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہو۔ ان میں سے کئی لوگوں کو پرانی انتظامیہ نے طویل وقت تک بورڈ سے دور رکھا تھا کیونکہ وہ اس کے لیے موزوں نہیں تھے لیکن اب سب کچھ غلط سمت میں جا رہا ہے۔گزشتہ دنوں تیسرے میچ کے موقع پر شائقین نے گراﺅنڈ میں ہنگامہ آرائی بھی کی تھی، رانا ٹنگا نے ورلڈ کپ 2011 کے فائنل میں بھارت سے سری لنکن ٹیم کی شکست پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے جانچ کا مطالبہ کیا تھا، اس حوالے سے سوال پر انھوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی2011 کے فائنل میں فکسنگ کا نہیں کہا بلکہ صرف تحقیقات کی بات کی تھی۔ میں نے کبھی نہیں کہا کہ اے ، بی یا سی اس میں ملوث ہیں، اس پر بہت لوگوں کو تحفظات ہیں۔ایک سوال پر انھوں نے 1996 ورلڈ کپ سیمی فائنل کا بھی ذکر کیا جو کہ ہندسے کولکتہ میں منعقد ہوا تھا،بھارتی ٹیم کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے ہوم کراﺅڈ نے گراﺅنڈ میں ہنگامہ آرائی شروع کردی تھی، رانا ٹنگا نے کہا کہ میں ایسے واقعات کو کھیل کیلئے اچھا خیال نہیں کرتا تاہم ہند اور ہمارا کلچر تقریباً یکساں ہی ہے۔واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم ہند سے جاری سیریز کے ابتدائی چاروں میچز ہارچکی ہے۔