ممبئی سیلاب کی ذمہ دار میونسپل انتظامیہ
ممبئی ۔۔۔ممبئی ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں آئے سیلاب سے متعلق دائر درخواست پر میونسپل انتظامیہ سے جواب طلب کرلیا۔ممبئی ہائیکورٹ میں ایک این جی اونے میونسپل انتظامیہ کی بدانتظامی پر درخواست دائر کی۔ ایڈوکیٹ شہزادنقوی نے اپنے موکل ارشد علی کی درخواست کی پیروی کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ 29اگست کو طوفانی بارش کے باعث ہونیوالی تباہی کی ذمہ دار میونسپل انتظامیہ ہے۔ میٹھی ندی کی صفائی ، نکاسی آب کے راستوں کا کام مکمل نہیں کیا جس کی وجہ سے شہر کے متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیااور درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ حکومت کو براہ راست ہدایت دیں کہ ممبئی کے ساحلی آلودگی کو روکنے کیلئے کارروائی کریں اور میٹھی ندی میں گندے پانی کے نالوں کی کی روک تھام کی جائے۔