پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے سری لنکن اسکواڈ کا اعلان
کولمبو :کرکٹ سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لئے25 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔سیریز 28 ستمبر سے6 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ سیریز کا آغاز دبئی میں ڈے نائٹ ٹیسٹ سے ہوگا۔پی سی بی ذرائع کے مطابق سیریز کے شیڈول کا اعلان اگلے 48 گھنٹے میں کردیا جائے گا۔ ہندکے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں0-5 کی شکست کے بعد ون ڈے کپتان اوپل تھرنگا کا نام ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں۔ اوپل تھرنگا ون ڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔سری لنکا کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ دیموتھ کورونارتنے، کوشال سلوا، کوشال مینڈس، دنیش چندی مل کپتان، اینجلومیتھیو، تھری مانے، نروشن ڈک ویلا، سدیرا سمارا وکرما، رنگانا ہیراتھ، سورنگا لکمل، نوان پردیپ۔ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں لکشن سنداکن، وشوا فرنینڈو، لاہیروکمارا، جیفری وندرسے، ملنڈا سری وردنے، دھنن جیا ڈی سلوا، دشمنتھا چامیرا، دل رووان پریرا، ملنڈا پشپا کمارا، روشن سلوا، اکیلا دنن جیا، چاریتھ اسلانکا، شامندا ارانگا، دھمیکا پرسادکے نام سامنے آئے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک ٹی20 میچ لاہور میں بھی کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 28 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا جہاں10اکتوبر کو ختم ہونے والی اس سیریز کا ایک ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا۔سری لنکا کی ٹیم دبئی، شارجہ اور ابو ظبی میں 5ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی20 میچز بھی کھیلے گی جبکہ سیریز کا تیسرا میچ لاہور میں کھیلا جائے گا جس کا انحصار سیکیورٹی کلیئرنس پر ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متحدہ امارات میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا ایک میچ ڈے نائٹ ہو گا جو سری لنکا کا گلابی گیند سے کھیلا جانے والا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہو گا۔8 سال قبل مارچ 2009 ءمیں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملوں کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے لیکن گزشتہ ماہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کلیئرنس کی شرط پر ٹیم پاکستان بھیجنے کی منظوری دی تھی۔ ابتدائی طور پر دونوں بورڈز نے 3 ٹی20 میچ پاکستان میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن بعد میں سری لنکن کرکٹ بورڈ نے صرف ایک میچ کھیلنے پر مشروط آمادگی کا اظہار کیا۔2009ءکے بعد سے زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا لیکن رواں سال پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموا ہوئی اور ستمبر میں ورلڈ الیون 3ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آرہی ہے۔ورلڈ الیون اور سری لنکا کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز نے بھی رواں سال پاکستان میں میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔