ہندوستانی ثقافت کی ذمہ داری ہماری آئینی ذمہ داری ہے، نقوی
ممبئی۔۔۔۔اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ رواداری ہندوستان کی ثقافت اور عزم رہی ہے اور یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے کہ ہم اس ثقافت کا تحفظ کریں۔ ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ’’نئے ہندوستان، ہم کرکے رہیں ‘‘نمائش اور ثقافتی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کا تشدد اور انارکی ہندوستان کی سماجی ہم آہنگی کے مضبوط تانے بانے اور کثرت میں وحدت کی طاقت کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے کہ ہم اس اتحاد کو بچائیں اور اس طرح کی ہر قسم کی سرگرمیوں کو ناکام بنادیں جو سماجی ہم آہنگی کو کمزور کرنے کا سبب بنتی ہوں۔ہمیں سماج دشمن قوتوں کو شکست دینا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ مرکزي سرکار سنکلپ سے سدھی کی مہم میں بلا تفریق شامل کیا جارہا ہے تاکہ ہندوستان کو بدعنوانی، غربت، گندگی اور فرقہ پرستی ، دہشتگردی اور ذات پات کی لعنت سے آزاد کرایا جاسکے۔