Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون میں شامل11 کھلاڑی پہلی مرتبہ پاکستان آئیں گے

لندن:پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون کے 14 میں سے صرف 3 کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے قبل بھی پاکستان کی سرزمین پرانٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ان کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے پال کولنگ وڈ، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال شامل ہیں۔پال کولنگ وڈ 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم میں شامل تھے۔ اس دورے میں انھوں نے دو ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے تھے۔کولنگ وڈ نے لاہور ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 96 اور80 رنز سکور کئے تھے لیکن پانچوں ون ڈے میچوں میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، وہ صرف 115رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے تھے۔ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کی اس ٹیم میں شامل تھے جس نے 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ہاشم آملہ سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچوں میں کھیلے تھے اور انھوں نے کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 71 رنز بنائے تھے۔بنگلہ دیش کے تمیم اقبال 2008 میں دو مرتبہ پاکستان آئے تھے۔ پہلی مرتبہ وہ بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے آئے جن میں انھوں نے دو نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلے گئے اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وہ 23 رنز ہی بنا پائے تھے۔تمیم اقبال نے اسی سال پاکستان میں منعقدہ ایشیا کپ کے5 میچز کھیلے تھے لیکن وہ صرف ایک نصف سنچری بنا پائے تھے جو انھوں نے ہندکے خلاف کراچی میںا سکور کی تھی۔ان تینوں کھلاڑیوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی بھی پاکستان میں کھیل چکے ہیں لیکن وہ انٹرنیشنل میچ نہیں بلکہ رواں سال کھیلا گیا۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل تھا جس میں انھوں نے پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف صرف گیارہ گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 28 رنز بنائے تھے۔ یہ فائنل پشاور زلمی نے 58 رنز سے جیتا تھا۔لاہور میں پیدا ہونے والے جنوبی افریقی لیگ ا سپنر عمران طاہر بھی ورلڈ الیون میں شامل ہیں۔ انھوں نے اپنی ابتدائی فرسٹ کلاس کرکٹ پاکستان میں ہی کھیلی ہے۔ وہ پاکستان انڈر 19 اور پاکستان اے کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں لیکن سینیئر ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے سبب انھوں نے کاونٹی کرکٹ کا رخ کیا اور پھر وہاں سے جنوبی افریقہ منتقل ہوگئے۔عمران طاہر2011 سے جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ورلڈ الیون میں شامل دو کھلاڑی انگلینڈ کے پال کولنگ وڈ اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے بین کٹنگ 3 سال سے ٹیم سے باہر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سامی اور آسٹریلیا کے جارج بیلی گزشتہ سال آخری بار انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے تھے۔اس طرح ورلڈ الیون میں 9کھلاڑی ایسے ہیں جو اس وقت بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں ان میں فاف ڈوپلیسس، ہاشم آملہ، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، تمیم اقبال، تھشارا پریرا، سیمو ئل بدری اور ٹم پین شامل ہیں

شیئر: