Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیوں کاقتل عام نہ روکا تو غرناطہ کے بعد اسلامی تاریخ کا بڑا سانحہ ہوگا

اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو مسئلے کا حل نکالنا چاہئے، آل پارٹیز کانفرنس
ریاض( جاوید اقبال) اراکان روہنگیا یونین کے سعودی عرب میں نمائندے عبداللہ اراکان نے کہا ہے کہ اگر عالم اسلام نے برما کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی مدد کرنے میں مزید وقت ضائع کیا تو غرناطہ کے بعد اسلامی تاریخ کا ایک بہت بڑا سانحہ وجود میں آجائے گا۔ وہ جمعہ کی سہ پہر مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام برما کے مسلمانوں پر مظالم اور ہماری ذمہ داریاں کے زیر عنوان منعقدہ ایک آل پارٹیز کانفرنس میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برمامیں روہنگیا مسلمانوں کی منظم انداز میں نسل کشی کی جا رہی ہے او ریہ کہ 1942ءمیں وہاں مسلمانوں کی 50لاکھ آبادی آج 13لاکھ رہ گئی ہے۔ حالیہ ایام میں مزید 3لاکھ افراد نکال دیئے جانے کی وجہ سے اب وہاں 10لاکھ اہل ایمان انتہائی ظلم و تشدد برداشت کر رہے ہیں۔ عبداللہ اراکان نے کہا کہ کوئی بین الاقوامی تنظیم اس قتل عام کو روکنے کیلئے آگے نہیں بڑھ رہی ۔ میزبان مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے صدر عبدالمالک مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو نہ صرف فوری مدد کی ضرورت ہے بلکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو خون آشام مسئلے کا طویل المدتی حل بھی نکالنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر اظہار اطمینان کیا کہ پاکستان کی دینی تنظیموں نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کر کے اپنے مظلوم روہنگیا بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیاہے۔ انہوں نے حج کے کامیاب انعقاد او پر اثر خطبہ حج پر خادم حرمین شریفین کی حکومت کو مبارکباد دی۔ اجتماع سے پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے محمد خالد رانا ، پاکستان رائٹرز کلب کے انجینیئر عبدالروف مغل، کشمیر انٹرنیشنل پریس کلب کے سردار رزاق ، الخدمت فاونڈیشن کے میاں عبدالحامد، پاکستان مسلم لیگ ن کے خالد اکرم رانا، قومی وطن پارٹی کے اقبال ودود ، پاکستان پاک پروفیشنل فورم کے انجینیئر سجاد ظہیر او رمجلس پاکستان کے حافظ عبدالوحید فتح محمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانں ےس اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زور دیا کہ برما کی وزیراعظم آنگ سان سوچی کو دیا گیا امن کا نوبل انعام واس لیا جائے۔ تقریب کا آغاز عمر علوی کی تلاوت قرآن کریم سے اور عبدالغفار مجاہد کی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ وقار نسیم وامق نے روہنگیا کے المیہ پر اپنا کلام جبکہ عبدالغفار مجاہد نے نظم پیش کی۔ نظامت فیصل علوی نے کی جبکہ عبدالمالک مجاہد کی دعا ہر تقریب کا اہتمام ہوا۔ 

شیئر: