پنجاب بینک کی ورلڈ الیون کے ٹکٹوں کی فروخت کیلئے چھٹی منسوخ
لاہور: بینک آف پنجاب نے آزادی کپ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کیلئے ہفتے اور اتوار کو چھٹی منسوخ کردی تاہم بیشتر برانچز میں 500کے بعد ڈھائی ہزار والے ٹکٹ بھی نایاب ہوگئے۔ بینک آف پنجاب کا اسٹاف پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین آزادی کپ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کیلئے ہفتے اور اتوارکو چھٹی نہیں کرےگا ۔ انتظامیہ کے مطابق صبح 9 سے شام 5 بجے تک مقررہ شاخوں سے شائقین کو ٹکٹوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق 500 روپے والی تمام ٹکٹیں فروخت جبکہ ڈھائی ہزار روپے والی ٹکٹس کا محدود اسٹاک موجود ہے۔ 4 اور6 ہزار والی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی، 8 ہزار روپے والے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز بھی شائقین کی بڑی تعداد 500 روپے والی ٹکٹ خریدنے کیلئے بینکوں کے باہر جمع ہوگئی تاہم کسی کی دال نہ گلی۔ شائقین نے احتجاج بھی کیا۔مہنگی ٹکٹ حاصل کرنے والے نوجوان بھی بھنگڑے ڈال کر اپنی کامیابی کا جشن مناتے نظر آئے جبکہ سستے ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والوں کا کہنا تھا کہ ایک عرصے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی آمد ہورہی ہے، ہر کوئی ملکی اور غیرملکی اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتا ہے تاہم جیب اجازت نہیں دیتی۔بڑا موقع ضرورہے لیکن اس کیلئے بڑی رقم کہاں سے لائیں۔1،2برانچز میں جارحانہ رویہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کو قابو کرنے کیلئے پولیس سے بھی مدد لینا پڑی۔