Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2500 رضاکاروں نے انڈیا فریٹرنٹی فورم کے بینر تلے حجاج کی خدمت کی

ایئرپورٹ ،مکہ مکرمہ ، منیٰ ، عرفات اور مزدلہ میں یہ خدام خود کو پیش پیش رکھتے ہیں ،وہیل چیئر اور ایمبولینس کا بھی اہتمام
جدہ (امین انصاری ) انڈیا فریٹرنٹی فورم کی جانب سے حجاج کرام کیلئے کی جانے والی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ ہند کی یہ تنظیم انتہائی چابک دستی اور مستعدی کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کی خدمت کرکے اپنی آخرت سنوار رہی ہے ۔ فورم کے صدر محمد فیاض الدین نے بتایا کہ امسال رضاکارانہ طورپر ہماری تنظیم کے بینر تلے 2500 والنٹیرز جو کئی زبانوں سے واقف ہوتے ہیں، نے جدہ ایئر پورٹ ،مکہ مکرمہ اور مشاعرمقدسہ میں اپنی خدمات انجام دیں۔ یہ تمام خدام نے مملکت سعودی عرب کے کونے کونے سے اپنا نام بغیر کسی معاوضہ کے درج کروا کرجوق در جوق شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ہندوستانی قونصلیٹ اور سفارتخانے کے تعاون سے ہم ان تمام کارکنوں کو حج کی پہلی فلائٹ سے آخری فلائٹ تک مختلف مقامات پر متعین کرتے ہیں اور یہ حاجیوں کو اپنی تمام تر صلاحیتوں،روڈ و میپ اور خیموں کے نقشوں کے ساتھ اپنی خدمات دیتے ہیں ۔ محمد فیاض الدین نے بتایا کہ لاکھوں حاجی عمر کی زیادتی کی وجہ سے ہجوم میں پریشان ہوجاتے ہیں، ان کو مختلف راستوں سے ان کے خیموں تک پہنچانے کیلئے وہیل چیئر کی مدد لیتے ہیں ۔حجاج میں جو بھی بیمار یا بے ہوش ہوجائیں تو فورا ًایمبولینس کا اہتمام کرکے انہیں اسپتال پہنچاتے ہیں ۔منیٰ میں یہ رضارکار شفٹوں میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ جمرات میں رمی کرنے سے لیکر واپسی پر راستہ بھول جانے والے حجاج کی خدمت میں رضاکار پیش پیش رہتے ہیں۔ جدہ ایئر پورٹ سے لیکر مکہ مکرمہ پہنچے تک ضعیف و ناتواں حجاج اپنا سامان اٹھانے سے قاصر ہوتے ہیں تو یہ رضاکار ان کا لگیج بحفاظت متعلقہ گاڑیوں میںپہنچاتے ہوئے حاجی کو مطمئن کرتے ہیں ۔ انڈیا فریٹرنٹی فورم ایسی تنظیم ہے جو قوم و ملت کی خدمت صرف حج ہی میں نہیں کرتی بلکہ یہ سال کے 12 ماہ خدمت خلق میں اپنے آ پ کو مصروف رکھتی ہے ۔ ہندوستانی تارکین وطن جوکفیلوں سے پریشان حال ہوں یا حادثوں میں لوگوں کی ہلاکت کے بعد عمر قید کی سزا پانے والے قیدی ہوں ،لاروث لاشوں کا معاملہ ہو کہ جیل کی کال کوٹھری میں بند تارکین ہوں ان سب کی خدمت کیلئے فورم مستقل طور پر اپنی خدمات دیتی ہے ۔بہت سے مسائل کے حل کیلئے قونصلیٹ و سفارتخانہ خود انڈیا فریٹرنٹی فورم کو طلب کرکے توجہ مبذول کرواتی ہے ۔ صدر نے ان تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اللہ کی مخلوق کی خدمت کیلئے خود کو پیش کرتے ہیں ۔ یقینا یہ سب اللہ کی رحمت کے مستحق ہیں ۔

شیئر: