آخر کیوں نہ نتیش کمار کی قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم کردی جائے؟
نئی دہلی۔۔۔۔۔سپریم کورٹ نے انتخابی حلف نامہ میں حقائق کو چھپانے کے سلسلے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست پر آج الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی بنچ نے منوہر لال شرما ایڈوکیٹ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے سوال کیا کہ آخر کیوں نہ نتیش کمار کی قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم کردی جائے۔ عدالت نے جواب کیلئے 4ہفتے کا وقت دیا ہے۔درخواست گزار نے الزام لگایا کہ نتیش کمار نے اپنے انتخابی دستاویزات میں ان کے خلاف قتل کا معاملہ درج ہونے کی جانکاری نہیں دی تھی۔ شرما نے مطالبہ کیا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ کو قانو ساز کونسل سے نااہل قراردیا جانا چاہئے کیونکہ انہوں نے 2004اور 2012میں انتخابی دستاویزات جمع کراتے وقت مجرمانہ معاملات کی بابت معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔