Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسے شکایت ہو ایوان شاہی جائے، دروازہ کھلا ہے، مفتی اعلیٰ

ریاض.... سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے سعودی عوام سے کہا ہے کہ جسے کسی طرح کی کوئی شکایت ہو وہ ایوان شاہی کا رخ کرے ، دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ تمام عوام موجودہ حالات میں اپنے قائدین کے اطراف صف بستہ ہو جائیں، انہیں مشورے دیں، ان کے حوصلے بلند کریں، ان کا دفاع کریں ، کسی درانداز یا عقل باختہ نادان کو قائدین کے خلاف زبان درازی کی اجازت نہ دیں۔ ان کا دست و بازوں بنیں اور فتنہ انگیزوں کو پناہ دینے سے پرہیز کریں۔ وہ سعودی ٹی وی چینل ون کے معروف پروگرام "فتاویٰ" میں میزبان اناﺅنسر کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ مفتی اعلیٰ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ریاستی سلامتی کا ادارہ سعودی عرب کے امن و امان ، ملکی مفادات، ریاستی نہج، ملکی وسائل اور سماجی نظام کے خلاف غیر ملکی طاقتوں کی جاسوسی کرنے والوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ خارجی طاقتوں کے وظیفہ خوار سعودی عرب میں فتنہ پھیلانے اور قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے درپے تھے۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں کو عظیم الشان مساعی صرف کرنے، دہشت گرد تنظیم داعش کی سازش کو ناکام بنانے او رملک و قوم کی زبردست خدمت کرنے پر شاندار اجر سے نوازے۔ مفتی اعلیٰ نے توجہ دلائی کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز ؒ کے عہد سے لے کر تاحال ہماری صالح قیادت ٰ"کھلے دروازے" کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لہذا اگر کسی کو کسی طرح کی کوئی شکایت ہو تو وہ تہذیب و شائستگی کے ساتھ ایوان شاہی کا رخ کرے۔ قائد اعلیٰ کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ " اللہ تعالیٰ اس انسان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے جو مجھے میری خامیوں سے مطلع کر رہا ہو"۔مفتی اعلی ٰ نے کہا کہ ہمارے عقائد اور ہماری ریاست کے خلاف اندھیرے میں تیر چلانے والوں سے تعلقات استوار کرنا کسی طرح درست نہیںجو ایسا کرے گا اس کا دین مشکوک ہو گا۔ ریاستی اسرار دشمنوں کے حوالے کرنا بھاری غلطی ہے۔ مفتی اعلیٰ نے خبردار کیا کہ بدی کے دعویداروں اور غیر مومنوں کو ہم نشین بنانے والے اپنی امت اور اپنے دین سے غداری کے مرتکب ہوں گے۔ ہماری صفوں میں تفرقہ پیدا کرنے ، ہمارے اتحاد کو کمزور کرنے اور ہمارے عقائد میں کیڑے نکالنے والے سازشیوں سے ہوشیار رہا جائے۔ نوجوان اسلام پر ثابت قدم رہیں، اپنے قائدین کی تابعداری کریں ، ملک و قوم میں فساد کا سبب نہ بنیں۔ امت کے دشمنوں کی سازش کا حصہ بننا بڑا جرم ہے۔ تمام لوگ یا د رکھیں کہ سعودی عرب عصر حاضر میں اسلامی شریعت نافذکرنے والی واحد ریاست ہے۔ تمام لوگ مختلف جہتوں سے طرح طرح کے روپ دھار کر آنے والے دشمنوں پر نظر رکھیں۔

شیئر: